جارجیا: امریکی میڈیا کمپنی سی این این نے ویکسین نہ لگوانے پر 3 ملازمین کو فارغ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نیوز چینل نے کرونا کی ویکسینیشن کے بغیر دفتر آنے پر 3 ملازمین کو برخاست کر دیا، کمپنی نے ملازمین کو خبردار کیا ہے کہ ویکسنیشن کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمپنی نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ آئندہ ویکسینیشن کا ثبوت ظاہر کرنے کے لیے میڈیا پاس کارڈ جیسا عمل باقاعدگی سے شروع کیا جا سکتا ہے۔
سی این این کے سربراہ جیف زوکر کی طرف سے ملازمین کو اس سلسلے میں ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ویکسینیشن کرانا ضروری ہے، دوسرے ملازمین کے ساتھ کام کرنے کے لیے سب کو ویکسین لگانے کی ضرورت ہے، چاہے آپ دفتر میں داخل ہوں یا نہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وبا کی نئی اقسام کی روک تھام کے لیے جلد سے جلد ویکسین لگوانے پر زور دیا جا رہا ہے، رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کی وجہ سے ملازمین کو فی الحال رضاکارانہ بنیاد پر دفترمیں کام کرنے کی اجازت ہے، جہاں انھیں فیس ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔
چکن پاکس سے تعلق؟ بھارتی کرونا وائرس سے متعلق امریکی ادارے کی خفیہ رپورٹ لیک
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی ادارے سی ڈی سی نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کا انفیکشن چکن پاکس کی طرح آسانی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔