کراچی: پی ایس ایل سیزن فور میں محبتوں کا ایک اور اظہار، کوچ ڈین جونز اپنی ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی بیٹی کے ذکر پر آبدیدہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائٹڈ کے کوچ ڈین جونز میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کرکٹر آصف علی کاذکر آیا تو ڈین جونز اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے ، آصف علی کی بیٹی کینسر کا شکار ہیں۔
ڈین جونز نے ہچکیاں لیتے ہوئے کہا کہ آصف علی کی بیٹی بہت بیمار ہے۔۔۔ بہت شدید بیمار۔۔۔۔ یہ کہہ کر وہ روتے ہوئے پریس کانفرنس سے اٹھ گئے۔
جس نے بھی یہ مناظر دیکھے، وہ ایک غیر ملکی کوچ کے پاکستان کے کھلاڑی اور ان کی بیٹی کے لیے ایسے جذبات دیکھ کر خود پر قابو نہیں رکھ سکا۔
A huge Thank you to my wonderful squad at @IsbUnited .. not good enough today.. but our hearts go out to @AasifAli2018 and his beautiful daughter. And we are so sad with the events in Christchurch.
— Dean Jones (@ProfDeano) March 15, 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ نے بعد ازاں ٹویٹ بھی کیا جس میں انہوں نے کہا کہ’’ وہ اپنی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔۔ آج ہم اچھا نہ کرسکے۔۔ ہمارے دل آصف علی اور ان کی خوبصورت بیٹی کے ساتھ ہیں۔ اور ہم کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے سانحے پر بھی افسردہ ہیں۔
گزشتہ روز پی ایس ایل سیزن فور کے ایلیمینٹر راؤنڈ میں پشاور زلمی کے دو سو پندرہ رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے والٹن نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیلپورٹ 28 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔گزشتہ میچ کے ہیرو آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے ،انہیں پولارڈ نے آؤٹ کیا تھا۔
یاد رہے کہ آصف علی کی بیٹی گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں کینسر ڈائیگنوس کیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کی دعائیں آصف علی اور ان کی بیٹی کے ساتھ ہیں۔