ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

دشمن سن لے، پاکستان ہرطرح کی جنگ کے لئے تیارہے: آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: یومِ دفاع پاکستان کے موقع پرجی ایچ کیو میں ایک خصوصی تقریب ک انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اہم ملکی شخصیات نے شرکت کی۔

اس تقریب میں شہداء ستمبر کو خراجِ تحسین ادا کرنے کے لئے مختلف دستاویزی فلمیں اور ملی نغمیں پیش کئے گئے جبکہ خصوصی خطاب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیا۔

تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویزکیانی، ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ، جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف جنرل راشد محمود، ائیر چیف مارشل سہیل امان، نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ بھی شریک تھے۔

 


آرمی چیف کا خطاب


 

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تقریب کے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہماری قومی تاریخ میں انتہائی اہم ہے کہ جب ہماری بہادرافواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اس جنگ کو 50 سال ہوچکے ہیں اور اس عرصے میں پاکستان نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن ہمارا دفاع پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے چھوٹے یا بڑے پیمانے پر جنگ چھیڑنے کی کوشش کی تو اسکو ناقابلِ تلافی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

آرمی چیف نے آپریشن ضربِ عضب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا جب افواج پاکستان ایک مشکل اور غیر روایتی جنگ لڑرہی تھیں لیکن افواجِ پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ریاست کی رٹ کو ملک کے طول و عرض میں قائم کیا۔

آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے والدین کے صبر اور حوصلے کی داد دیتے ہوئئے انہوں نے بتایا کہ اس سانحے کے زیادہ تر مجرمان اپنے انجام کو پہنچچکے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ میڈیا نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دہشت گردوں کا اصل چہرہ قوم کو دکھایا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنل ایکشن پلان جاری رہے گا اور اب یہ قومی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کو آگے لے کرچلیں۔

ان کا کہناتھا کہ کراچی اور بلوچستان میں سول ملٹری اشتراک سے امن قائم کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے اور امن کے اس عمل کو مکمل کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے معاشی معاونت کاروں اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کاروائی جاری رہے گی۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام سے متعلق انکا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل ایک قومی فریضہ ہے جسے پاک فوج ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

آپریشن ضربِ عضب کے دوران بے گھر ہونے والے افراد سے متعلق ان کاکہنا تھاکہ پاک فوج ان افراد کی قربانیوں کی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی بحالی اور آباد کاری آخری مراحل میں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ اس قوم کے جوانوں پر مرکوز ہے جو کہ مستقبل کا سرمایہ ہیں۔

افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ہمیں بے حد تشویش ہے، افغانستان سے ہمارا تاریخی اور ثقافتی رشتہ ہے کچھ امن دشمن عناصراس رشتے کو خراب کرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا اور اسکے حل تک خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں لہذا وقت آگیاہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے۔

جنرل راحیل شریف نے اظہارِ تفخر کیا کہ وہ دنیا کی بہترین افواج کے کمانڈر ہیں جو کہ روایتی اورغیرروایتی ہر قسم کی جنگ لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے شہداء کے لواحقین کو مخاطب کرکے کہا کہ ہمیں اپنے شہیدوں کی قربانیوں کا ادراک ہے اور ہم ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔


تقریب میں سیاسی شخصیات میں وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات پرویز رشید،مشیرخارجہ سرتاج عزیز، عبدالقادر بلوچ، خورشید شاہ،اسحاق ڈار ، رضا ربانی، عبدالغفور حیدری، رحمان ملک اور شیخ رشید سمیت اہم سیاسی شخصیات موجود ہیں۔

تقریب میں پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفارت کار بھی خصوصی طور پر شریک ہیں۔

معروف سابق کرکٹر وسیم اکرم احمد، شہزاد اورہاکی کے سابق کھلاڑی سہیل عباس سمیت کئی نامور شخصیت بھی موجود ہیں۔

تقریب کا انعقاد خصوصی طور پر شہداء کے خانوادوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے کیا گیا ہے اور اس موقع پر پاک وطن کے لئے جان نچھاور کرنے والے شہداء کے لواحقین کی کثیر تعداد موجود ہے۔

اہم ترین

فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں

مزید خبریں