لاہور (5 دسمبر 2025): آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی تعیناتی پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا تقرر قومی سلامتی کیلیے سنگ میل قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفیکیشن
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان وزیر اعظم شہباز شریف کے تاریخی تعیناتی فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے، 5 سالہ تعیناتی سے دفاعی قیادت میں تسلسل یقینی ہوتا ہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی، ملکی سلامتی اور علاقائی استحکام کیلیے فیصلہ نہایت اہم ہے۔
اس میں کہا گیا کہ چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں، فضائی دفاع مضبوط بنانے کیلیے مدت ملازمت میں توسیع ضروری تھی، ایوان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، پاکستان کی فوج، فضائیہ اور دفاعی ادارے ریاست کے مضبوط ترین ستون ہیں۔
’قومی سلامتی کے فیصلوں میں تسلسل اور ہم آہنگی ناگزیر قرار دی گئی۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ دفاعی اداروں کی مضبوطی کیلیے تمام فورمز کردار ادا کریں۔ مستحکم عسکری قیادت ملکی معاشی اور سلامتی اہداف میں معاون ہوتی ہے۔‘
حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں مزید کہا کہ ملکی دفاع، امن اور اتحاد کیلیے مضبوط کمانڈ بنیادی حیثیت رکھتی ہے، قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق فیصلوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی، پاکستان کی یکجہتی اور دفاع کیلیے تمام ادارے ایک سمت میں کام کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


