لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رینجرز آپریشن اور پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے معاملات پر غور کیا گیا۔
آرمی چیف کی زیر صدارت یہ اجلاس پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری اور لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کے فیصلے کے تناظر میں ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے کور کمانڈرز، ڈی جی رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن کے بارے میں جلد آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف جنوبی پنجاب میں آپریشن کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ لاہور دھماکے کا مقصد پی ایس ایل کے فائنل کو سبوتاژ کرنا ہے، فائنل کا لاہور میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔