کراچی : کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا، کوکین ڈیلر کو منشیات اور اقدام قتل مقدمات میں پیش کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت نے کوکین کی سپلائی میں ملوث بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو سخت سیکیورٹی میں سٹی کورٹ میں پیش کیا۔
پولیس کی جانب سے تفتیش مکمل کرنے کے لیے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے ملزمہ کو 3 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزمہ پنکی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو نہ صرف منشیات فروشی اور کوکین ڈیلنگ بلکہ اقدامِ قتل جیسے مقدمات میں بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ملزمہ سے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بڑے ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور انمول پنکی سے ہونے والی تفتیش کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


