آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کافی صرف توانائی نہیں، جلد کی خوب صورتی کے لیے بھی مؤثر ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ حلقوں کے علاج سمیت چہرے کے لیے کافی کے شان دار فوائد ہیں۔
ماہرین کے مطابق کافی صرف صبح کی توانائی تک محدود نہیں بلکہ جلد کی دیکھ بھال میں بھی ایک مؤثر قدرتی جزو ہے۔ کافی میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس اور کیفین جلد کی صحت، رنگت اور تازگی بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، اسی لیے اسے مختلف بیوٹی روٹینز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
کیفین خون کی گردش کو تیز کرتی ہے، جس سے جلد کا رنگ نکھرتا ہے اور کولیجن کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور سوجن کم کرنے، مردہ خلیات دور کرنے، مسام صاف کرنے اور جلد کو نرم و روشن بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
کافی کے دانوں میں موجود کلوروجینک ایسڈ اور پولی فینولز الٹرا وائلٹ شعاعوں، آلودگی اور ذہنی دباؤ سے پیدا ہونے والے فری ریڈیکلز کے اثرات کم کرتے ہیں، جس سے جلد کی جوانی برقرار رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیفین آنکھوں کے گرد استعمال ہونے والی کریمز میں بھی شامل کی جاتی ہے۔
موسم سرما میں گڑ کا استعمال کتنا مفید ہے؟ جان کرحیران رہ جائیں گے
رپورٹ کے مطابق کافی پاؤڈر کو گھریلو سطح پر مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کافی، چینی، ناریل کے تیل اور پانی سے تیار کردہ اسکرب ہفتے میں ایک بار چہرے پر استعمال کرنے سے جلد صاف اور نکھری ہوئی نظر آتی ہے۔ کافی اور شہد کا مکسچر آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور اسے ہفتے میں 3 بار تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سن برن اور جلد کے سیاہ ہونے سے بچاؤ کے لیے کافی کو صبار اور گلاب کے پانی کے ساتھ ملا کر ماسک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جو جلد کی سرخی کم کرنے، نمی بحال کرنے اور اینٹی ایجنگ فوائد فراہم کرتا ہے۔
کافی اور شہد سے تیار کردہ اسکرب ہونٹوں کو نرم اور ملائم بنانے میں مؤثر بتایا گیا ہے، جب کہ شیمپو میں کافی پاؤڈر شامل کر کے سر کی جلد کی صفائی، خون کی گردش میں بہتری اور خشکی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ عمل ہر دو ہفتے بعد کرنے کی تجویز دی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق قدرتی اجزا پر مبنی یہ طریقے آسان، کم خرچ اور مؤثر ہیں، تاہم حساس جلد والے افراد کو استعمال سے پہلے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


