کراچی : ملک بھر میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھا دی ،کراچی میں بھی سردہوائیں چلنے لگیں، بلوچستان میں خون جمادینے والی سردی سے کوئٹہ میں منفی دس اور قلات میں پارہ منفی بارہ تک گرگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، سردی میں اضافے کی وجہ سرد ہوائیں ہیں، شہر کا درجہ حرارت تیرہ ڈگری تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹے میں سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے ، کراچی میں 20کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹے میں30کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی، ہوائیں چلنےکے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔
شہرکاموجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی دس تک آگیا جبکہ قلات میں پارہ بارہ درجے گرگیا، پنجاب سرد اور خشک ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، لاہور میں درجہ حرارت میں کمی آئی تو ٹھنڈ بڑھ گئی۔
اسلام آبادمیں درجہ حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ میں بھی یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے پشاورمیں پارہ چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
دوسری جانب آئندہ24گھنٹےمیں ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مالاکنڈ،ہزارہ،میرپورخاص میں کہیں کہیں بارش، پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان،کشمیرمیں بعض مقامات پربارش،پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔