لاہور (28 جنوری 2026): آسٹریلوی ٹیم نے پاکستانی سر زمین پر قدم رکھا تو ان کا استقبال غیر متوقع سرد ہواؤں نے کیا جس کا کپتان نے اظہار بھی کر دیا۔
پاکستان میں اس وقت غیر معمولی سردی کی لہر جاری ہے۔ پاکستانی عوام کہیں اس کو انجوائے اور کہیں پریشان ہیں۔ لیکن قدرے ٹھنڈے ملک آسٹریلیا سے آنے والی مہمان ٹیم کے کھلاڑی پاکستان میں سردی دیکھ کر حیران ہو گئے اور کپتان نے اس کا اظہار پریس کانفرنس میں بھی کر دیا۔
تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پری سیریز پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں سیریز کے حوالے سے اپنے جوش کا مظاہرہ کیا، وہیں پاکستان میں سردی کو دیکھ کر حیران ہوتے ہوئے کہا کہ اندازہ نہیں تھا پاکستان میں اتنی سردی ہوگی۔ اس لیے یہاں آنے سے پہلے زیادہ گرم کپڑے نہیں رکھے۔
مچل مارش نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے یہ سیریز اہم ہے اور پوری ٹیم اس کے لیے پر جوش ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی موجود ہیں۔ کوشش کریں گے کہ اس سیریز سے میگا ایونٹ کے لیے اچھی تیاری کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کنڈیشن میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔ ہم اسپنرز کے خلاف کنڈیشن کو دیکھ کر اٹیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ پلیئنگ الیون کے حوالے سے فیصلہ کل کریں گے۔
مچل مارش نے کہا کہ پاکستان کی فاسٹ بالرز کی بڑی تاریخ ہے۔ موجودہ دور میں شاہین شاہ آفریدی بہترین بالر ہیں اور سیریز سمیت میگا ایونٹ میں ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


