جمعہ, مارچ 6, 2026
اشتہار

ریکارڈ توڑ سردی، برفباری اور بارشوں کا ایک اور طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہونے کو تیار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (25 جنوری 2026): ملک کے کئی حصوں میں سردی نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے برف باری اور بارش برسانے والا طاقتور سسٹم آج داخل ہوگا۔

پاکستان بھر میں سردی کی شدید ترین لہر جاری ہے اور کئی علاقوں میں جما دینے والی سردی نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے اور کئی سالوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گر چکا ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری جاری ہے۔ بٹگرام، دیربالا اور چترال میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ راستے بند اور سفر دشوار ہونے کے باعث بالائی علاقوں میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

سوات اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات پر برف ہی برف ہے اور ہر چیز برف سے ڈھک گئی ہے۔ مالم جبہ میں پانچ، کالام میں تین، شوگراں میں ایک اور کاغان میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں سڑکوں پر برف کے ڈھیر جمع ہیں۔ تحصیل الائی میں کئی فٹ برف پڑ چکی ہے اور راستے بند ہونے کے باعث گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ شانگلہ میں برف باری سے سڑکیں بند ہیں۔ مریضوں کو چارپائی پر اٹھا کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دیر بالا میں شدید برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور خون جما دینی والی سردی نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔ چترال اور گردونواح میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑچکی ہے، گرم چشمہ سمیت تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ بجلی کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہے۔

شمالی اور بالائی بلوچستان میں برف باری کے بعد سرد ہوائیں چلنے سے وادی کوئٹہ میں سردی نے کئی سال کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں سورج نکلنے کے باوجود درجہ حرار ت نقطہ انجماد سے اوپر نہ آسکا۔

خون جما دینے والی سردی کی شدت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سردی کو جہاں پانی آیا، وہاں جما دیا۔ کئی علاقوں میں پانی کی پائپ لائنیں جم جانے سے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ شہر کی سڑکیں سردی کے باعث سنسان اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

ملک کے میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج ملک میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس سے آج رات سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سسٹم کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔

مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اوربرف باری ہوسکتی ہے۔ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں