The news is by your side.

کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ کا چھاپہ، کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں ٹائراور موبل آئل برآمد

کراچی : کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ نے گودام پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں ٹائر اور موبل آئل برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ نے ماڑی پور میں گودام پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں ٹائراور موبل آئل برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ عثمان باجوہ نے بتایا کہ پکڑے گئے ٹائروں کی تعداد پچپن ہزار سے زائد ہے۔

عثمان باجوہ نے کہا کہ اسمگل غیر معیاری ٹائروں کی مینوفیکچرنگ کی تاریخ بدل کرمارکیٹ میں فروخت کیا جارہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جینس اطلاع پر گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں پر یہ بڑی تعداد میں ٹائر قبضے میں لئے گئے، ٹائروں اور تیل کی مالیت پچاس کروڑ روپے سے زائد ہے۔

کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ نے بتایا کہ ایک شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

Comments

یہ بھی پڑھیں