فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق ہوگئے، ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے اکبر آباد چوک بلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے کونسٹیبل کا بیٹا دوست سمیت جاں بحق ہوگیا، پولیس ٹیم نے میٹرک کے طالب علموں کو ڈاکو قرار دے دیا، ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے اکبر آباد چوک بلاک کردیا۔
مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہمارے تحفظ کے لیے ہے یا مارنے کے لیے، جبکہ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔
مقتول ارسلام کے کزن نے بتایا دونوں دوست شوارما کھانے گئے تھے پولیس نے ڈاکو قرار دے کر مار ڈالا، پولیس ناکے پر پیسے کے لیے روک رہے تھے ارسلان اور عثمان نہ رکے تو گولیاں برسا دی گئیں۔
مقتول طالب علموں نے حال ہی میں میٹرک امتیازی نمبروں سے پاس کیا تھا اور دونوں دوستوں کو آج کالج میں داخلہ لینا تھا۔
دوسری جانب پولیس کی مدعیت میں مقتولین کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر پولیس مقابلہ رپورٹ ہوا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہیں جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔