پیر محل: اسکول وین کی ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم کے نتیجے میں 4بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ درجن سے زائد بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل میں شورکوٹ روڈ پر موٹر وے پل کے قریب اسکول وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ درجن سے زائد بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ اسکول وین مختلف دیہات سے بچوں کو لے کر پیرمحل کی طرف آ رہی تھی کہ موٹر وے پل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکرا گئی۔
اسکول وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، جس سے 3بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا، جہاں تشویشناک حالت کے باعث 4بچوں کو ڈی ایچ کیو ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ جہاں ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
باقی زخمی بچوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے تاہم جاں بحق ہونیوالوں میں 4سالہ معیز 4سالہ احمد اور 14سالہ بچی حسنہ شامل ہیں۔
ایم ایس نے بتایا کہ اسکول وین حادثے میں 14افرادکو ٹی ایچ کیو لایا گیا، زخمیوں اورلاشوں کی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ افسران کوبھجوادی گئی، رپورٹ کےمطابق 7زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ 3 شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹوبہ ٹیک سنگھ ریفر کیا گیا، اور ایک زخمی کو ٹی ایچ کیو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
طالب علم کا کہنا تھا کہ حادثے کی شکار اسکول وین میں 18 بچے سوار تھے۔