راجن پور/ شیخوپورہ / گجرات / راولپنڈی / سکھر : سانحہ کوئٹہ کے بعد سے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے جس کے دوران کئی جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری کومبنگ آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔
راجن پور میں سیکیورٹی فورسز نے فراریوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں پینتیس فراریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔آپریشن عید کے روز بھی جاری رہے گا۔
شیخوپورہ کے علاقے کالا خطائی میں کومبنگ آپریشن کیا گیا جس میں چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے پانچ رائفلیں،تین سو پچاس گولیاں اور سو لیٹر شراب برآمد ہوئی۔
گجرات کے علاقے کنجہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
راولپنڈی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن میں تیرہ اشتہاری ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔
اٹک کے علاقے پنڈی گھیب میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ لاہور میں رات گئے کومبنگ آپریشن ہوگا۔
سکھرمیں رینجرز اور پولیس نے ہوٹلوں اور مسافرخانوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔ سکھر سے چار اور روہڑی سے چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔