راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے اس دوران 560 سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ سہون کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کراچی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کردیا، جھنگ شورکوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا دہشتگرد پکڑلیا۔ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ دیگر سامان برآمد ہواہے۔
راولپنڈی میں کومبنگ آپریشن کے دوران تئیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سیالکوٹ سے نو مشکوک افغان باشدے پکڑے گئے، اوکاڑہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے چوبیس افراد کو گرفتار کرلیا۔
خیرپور سے پانچ مشتبہ افراد گرفتار ہوئے، فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران تیرہ مشکوک افراد گرفتار کیے گئے، اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نےسرچ آپریشن کرکے پینتالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن میں تین افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔
بری امام کے گرد و نواح میں رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے ساڑھے تین سو گھروں کی تلاشی لی۔ جس میں ایک افغان باشندے سمیت بارہ مشکوک افراد گرفتارکرلیے گئے۔
راولپنڈی میں حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے دو سو پچاسی افراد کو گرفتار کرلیا، لاہور میں رحمت آباد اور تبلغی مرکز بازار میں پولیس، پاک فوج اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے دس افراد کو حراست میں لے لیا۔
رحیم یار خان میں کومبنگ آپریشن کے دوران بتیس ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ میانوالی افغان کیمپ میں کارروائی کرکے بیس افراد گرفتار کیا گیا۔
مردان میں کومبنگ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری ملزم سمیت تین سہولت کار اورپچپن مشتبہ افراد گرفتارہوئے، کالا باغ افغان کیمپ وگردونواح میں سرچ آپریشن کےدوران بیس مشکوک افراد کوحراست میں لیا گیا۔
میرپور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی جاری سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت سو سے زائد جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے۔