کراچی: کامیڈی کے بےتاج بادشاہ عمر شریف کو عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مولانا بشیر فاروقی نے عمرشریف کی نماز جنازہ پڑھائی۔ سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔
نمازجنازہ میں مرحوم عمر شریف کے مداحوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور سعیدغنی اور دیگر سیاسی شخصیات بھی نماز جنازہ میں موجود تھے۔ مرحوم اداکار کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی، جنازے میں عام عوام کی بھی بڑی تعداد موجود رہی۔
پاکستان کے لیجنڈ اداکار و کامیڈی کنگ عمر شریف اولیاء اللہ سے انتہائی عقیدت رکھتے تھے اور ان کی وصیت تھی کہ ان کی میت کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر
خیال رہے کہ دو اکتوبر کو عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔