جمعہ, دسمبر 5, 2025
اشتہار

اسٹین لی: شہرۂ آفاق کامک کرداروں کا خالق

اشتہار

حیرت انگیز

آج ڈیجیٹل دور ہے جس میں اینیمیشن اور تھری ڈی فلموں‌ کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور اس شعبے میں مزید ترقی ہورہی ہے، لیکن اب سے دہائیوں پہلے یہ سب اتنا آسان نہیں تھا اور اسی زمانہ میں اسٹین لی نے اپنے کامک کرداروں کو کاغذ پر اتار کر خوب شہرت پائی۔ بعد میں‌ ان کرداروں کو فلمی پردے پر پیش کیا گیا تو ان سے لطف اندوز ہونے والوں میں بچّے اور نوجوان ہی‌ نہیں‌ بڑے بھی شامل تھے۔ اسپائڈر مین، آئرن مین اور دی ہلک جیسے شہرۂ آفاق کردار کبھی اخبار اور کامک بکس کے قیدی تھے جن کے خالق اسٹین لی تھے۔

ایک زمانہ میں اخبار اور مختلف جرائد میں قسط وار شایع ہونے والی کامک اسٹوریز کے ساتھ کامک بکس بہت مقبول تھیں۔ بعد میں‌فلم کے پردے پر ان کرداروں کو گویا نئی اڑان بھرنے کا موقع ملا۔ اسٹین لی کے تخلیق کردہ کردار دل چسپ اور تجسس سے بھرپور کہانیوں کے ساتھ قارئین تک پہنچے تو ہر دل عزیز ٹھیرے۔

مشہور و معروف آرٹسٹ اور اسٹوری رائٹر اسٹین لی آج کے روز 2018 میں چل بسے تھے۔ ایک طرف تو کامک کرداروں کے دیوانے ان کے بنائے ہوئے کرداروں کو ان کی کرشماتی قوّتوں‌ کی وجہ سے پسند کرتے ہیں‌ اور دوسری طرف انھیں بدی اور شر کی طاقتوں‌ کے خلاف لڑتے ہوئے دیکھنا بہت پسندیدہ رہا ہے۔ یہ سب اسٹین لی نے اپنی کہانیوں کے ذریعے ذہن کے پردے پر منتقل کرتے تھے۔ انھوں نے انسان کی خیر سے متعلق فطرت اور دل چسپی کو پیشِ‌ نظر رکھا اور ان کرداروں پر شان دار کہانیاں لکھیں۔

اسٹین لی کو بیسویں صدی کا شان دار تخلیق کار کہا گیا، کیوں کہ ان کے مارول کامک بکس نے صرف بچّوں یا نوجوانوں ہی نہیں بڑوں کو بھی اپنے سحر میں‌ جکڑ لیا تھا۔ اسٹین لی کا تعلق امریکا سے تھا۔ اسٹین لی 28 دسمبر 1922ء کو نیویارک میں‌ پیدا ہوئے تھے۔ 1940ء کے عشرے میں لکھنے کا آغاز کیا ایک باکمال آرٹسٹ اور منفرد تخلیق کار کے طور پر ابھرے۔ اپنے اس سفر آغاز میں اسٹین لی نے ایک چھوٹا چھاپہ خانہ قائم کرکے مارول کامک بکس شایع کیں۔ اسٹین لی کے تخلیق کردہ کردار بچّوں کی نفسیات پر حاوی ہو جاتے ہیں۔ ناقدین نے اس بات کو سراہا ہے کہ اسٹین لی کی سبق آموز کہانیوں کی بدولت بچّے خود کو انہی کرداروں میں ڈھلا ہوا دیکھتے ہیں‌ اور خیالی دنیا آباد کرکے بدی کے خلاف خود کو صف آرا پاتے ہیں۔ اسٹین لی کو ان کی توجہ پانے میں گویا کمال حاصل تھا۔ وہ ایک فلم ساز اور مکالمہ نویس بھی مشہور ہوئے۔ ایک مرتبہ اپنے کردار سپرمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسٹین لی نے کہا تھا کہ وہ میرے لیے کبھی بھی دل چسپی کا باعث نہیں رہا، کیوں کہ میں کبھی اس کے بارے میں فکرمند نہیں ہوا۔ اگر آپ اپنے ہیرو کے لیے فکرمند نہیں ہوتے تو اس میں کوئی جوش نہیں ہوتا۔ اسٹین لی کا ساتھی آرٹسٹ جیک کربی تھا جنھوں نے مل کر 1961ء میں کمپنی مارول کامکس بنائی تھی۔ انھوں نے فینٹیسٹک فور نامی سیریز سے آغاز کیا تھا اور بعد میں ان کے کامک بک کے کردار اسپائیڈر مین اور دی ہلک کو مقبولیت ملی۔

آج ڈیجیٹل دور میں ہم ایسے کئی کردار تخلیق ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اب ہر ملک میں‌ جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئرز کی مدد سے بہت سہولت سے یہ کام کیا جارہا ہے، لیکن اس زمانے میں‌ جب یہ سب ایک ‘کلک’ یا کسی سافٹ ویئر پر ایک ‘کمانڈ’ کے تابع نہیں‌ تھا، اسٹین لی نے دن رات محنت اور لگن سے وہ کام کیا جس کا جواب نہیں‌۔ اسٹین لی کو فن کی دنیا کبھی فراموش نہیں‌ کرسکے گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں