راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی المیے کو جنم لینے سے روکنا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رائل بحرین نیوی کے کمانڈر رئیر ایڈمرل محمد یوسف ال عاصم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، افغانستان کی صورت حال اور دو طرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ روایتی روابط کی روایت برقرار رکھنا چاہتا ہے، دیرپا ہمہ جہتی تعاون اور تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر بین الاقوامی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، افغانستان میں انسانی المیہ کو جنم لینے سے روکنا ہوگا، افغانستان میں امن و مفاہمتی اقدامات کی اہمیت کی ضرورت ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بحرینی کمانڈر نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بحرین کے کمانڈر نے افغانستان کی صورت حال پر پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کو سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف سے بحرین کی کنگ حماد یونیورسٹی اسپتال کے کمانڈر نے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ہیلتھ کیئرپر بات چیت کی گئی تھی۔
آرمی چیف نے اسلام آباد میں کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ کی تعمیر کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے مضبوط دفاعی، سفارتی اورمعاشی تعلقات ہماری ترجیح ہیں۔