کراچی: کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ شہر قائد میں ایک گروپ دودھ کی قیمت میں اضافہ کر کے فروخت کر رہا ہے، شہریوں کی شکایات پر ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر میں دودھ مہنگا فروخت کرنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے مقرر ہے۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں کسی صورت دودھ کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، دودھ مہنگا کرنے والے ایک گروپ کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔
کمشنر کراچی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہنگا دودھ نہ خریدیں، بلکہ شہری مہنگے داموں دودھ بیچنے والوں کی نشان دہی کریں۔
واضح رہے کہ اس وقت بلدیہ اور سائٹ سمیت متعدد علاقوں میں دودھ 110 روپے سے لے کر 120 روپے لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ دودھ مافیا کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، پہلے دودھ مہنگا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، سرکار نے اجازت نہ دی لیکن دودھ فروشوں نے سرکاری قیمت پر دودھ بیچنے سے صاف انکار کر دیا۔
کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم دودھ کئی علاقوں میں کھلم کھلا مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ آل کراچی ملک ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان بھی کیا تھا۔