اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آئین کے آرٹیکل 27 کی شق 1 میں ترمیم کے معاملے پر 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی اپنی سفارشات تیار کر کے وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئین کے آرٹیکل 27 کی شق 1 میں ترمیم کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کمیٹی کے کنوینر مقرر کردیا۔
کمیٹی میں مشیرپارلیمانی امور بابراعوان، معاون خصوصی اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد ، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات عشرت حسین،سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ بھی شامل ہیں۔
کمیٹی آئین آرٹیکل 27 کی شق 1 میں ترمیم کےفوائد اور نقصانات کاجائزہ لے گی اور اپنی سفارشات تیار کر کے وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
جوائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بطورسیکرٹری کمیٹی مقرر کیا گیا ہے ، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، آئین کاآرٹیکل 27 ملازمتوں میں امتیازی سلوک کیخلاف تحفظ سے متعلق ہے۔