سڈنی : اکیسویں کامن ویلتھ گیمز میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کا مقابلہ کل ہوگا، پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ کل صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے اکیسویں کامن ویلتھ گیمز میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں، گزشتہ روز پاکستان اور ویلز کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا جبکہ اس سے قبل ویلز کی ٹیم نے بھارت کو شکست دے دی تھی۔
گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاک بھارت ہاکی ٹاکرا کل بروز ہفتے کو ہوگا، قومی ٹیم کا ایونٹ میں یہ دوسرا معرکہ ہوگا، دونوں ٹیمیں مقابلے کیلئے تیار ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق کل صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا، اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری شہباز سینیئر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھارت کو زیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے، میچ جیت کر پاکستانی قوم کوتحفہ دیں گے۔
اس کے علاوہ اولمپئن نوید عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کے پاس بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔
علاوہ ازیں کامن ویلتھ گیمز میں جاری مقابلوں میں گزشتہ روز پاکستان نے پہلا میڈل اپنے نام کیا، ویٹ لفٹنگ کی باسٹھ کلو گرام کیٹیگری میں طلحہٰ طالب نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔