ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تحریک حریت جموں و کشمیر کو پانچ سال کی مدت کے لیے غیر قانونی قرار دینے کے بھارتی حکام کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تحریک حریت دوسری کشمیری جماعت ہے جسے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کالعدم قرار دیا گیا ہے جماعت پر پابندی کے بعد کالعدم کشمیری سیاسی جماعتوں کی کل تعداد چھ ہو گئی، پارٹی کی بنیاد مشہور کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی نے رکھی تھی۔
دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کشمیری عوام کو محکوم بنانے، اختلاف رائے کو دبانے اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے بھارت کی مہم کا حصہ ہے یہ کارروائیاں جمہوری اصولوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو کالعدم قرار دی گئی تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی ہٹانی چاہیے۔