لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ اور سیکیورٹی گارڈز میں ہونے والے تصادم کے سبب جامعہ میدان جنگ بن گئی جس کے سبب متعدد طلبا و گارڈز زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ حسن حفیظ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر ایک میں ایک طلبا تنظیم کے ارکان مشرقی پاکستان کے حوالے سیمینار کررہے تھے کہ پنجاب یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈز وہاں پہنچے اور کہا کہ جب تک جامعہ کی انتظامیہ اجازت نہیں دے گی وہاں تقریب منعقد نہیں ہوسکتی۔
اس معاملے پر دونوں کے درمیان تصادم ہوگیا اور اتنا بڑھ گیا کہ جامعہ میدان جنگ بن گئی، دونوں طرف سے لاتوں گھونسوں اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی گارڈز اور طلبا تنظیم کے دو ارکان زخمی ہوگئے جھگڑا بہت دیر تک چلتا رہا بعدازاں پولیس پہنچ گئی۔
جامعہ کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا کہ طلبا تنظیم کے ارکان کو گرفتار کیا جائے تاہم ابھی تک پولیس کی جانب سے کسی طالب علم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔