واشنگٹن(8 مئی 2026): ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان کے کلیدی ثالثی کردار کو سراہنے کے لیے امریکی کانگریس میں ایک تعریفی قرارداد پیش کر دی گئی ہے۔
یہ قرارداد ڈیموکریٹک رکن ایل گرین نے ایوان نمائندگان میں پیش کی۔قرارداد کے متن میں پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں اور سہولت کاری کی تعریف کی گئی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ میں پاکستان ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور امن بات چیت کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد مقام فراہم کر رہا ہے۔
قرارداد میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان نے سفارتی وفود کی میزبانی کے دوران مختلف مشکلات کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود وہ مستقل امن کو ممکن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
قرارداد میں جنگ کے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس تنازع میں اب تک 13 امریکی فوجی ہلاک اور 399 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ متن میں مزید کہا گیا ہے کہ اس جنگ کے خاتمے سے نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا، اس لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں عالمی امن کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


