اسلام آباد (16 نومبر 2025): وفاقی آئینی عدالت کی پہلی کاز لسٹ جاری کر دی گئی، آئندہ ہفتے 3 بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان مقدمات سنیں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی بھی مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل 2 رکنی بینچ مقدمات سنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت کے 6 ججز کی تقرری کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری
پچھلے دنوں 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اس عدالت کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں آئینی بینچ تھا۔
دو روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئی عدالت کے ججز کا صدارتی آرڈر جاری کیا جس کے تحت عدالت چیف جسٹس سمیت 13 ججز پر مشتمل ہوگی جبکہ یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ٹاپ فلور پر قائم کی جائے گی۔
ججز کی فہرست میں جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس روزی خان، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عامر فاروق شامل ہیں۔ تمام ججز آئینی عدالت کے باقاعدہ فیصلوں میں حصہ لیں گے اور عدالتی کارروائیوں کا آغاز آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


