The news is by your side.

Advertisement

پی ٹی آئی رہنما کے گرنے کے بعد کنٹینر کو خالی کرالیا گیا

پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ میں ضلعی رہنما میر افتخار کے گرنے کے بعد کنٹینر کو خالی کرالیا گیا، مرکزی رہنما کار میں سکھر روانہ ہوئے۔

پی ٹی آئی کے سندھ حکومت کے خلاف سندھ حقوق مارچ میں گھوٹکی کے قریب کنٹینر سے مقامی رہنما میر افتخار کے گرکر شدید زخمی ہونے کے واقعے کے بعد احتیاطاْ کنٹینر کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا۔

کنٹینر پر سوار شاہ محمود قریشی، علی زیدی ودیگر رہنما کنٹینر سے اتر کرکاروں میں سوار ہوکر سکھر کی جانب روانہ ہوئے۔

دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کنٹینر وہ تاریخی کنٹینر ہے جس پر اسلام آباد میں عمران خان نے ایک سو چھبیس دن نواز شریف حکومت کے خلاف دھرنا دیا تھا۔

کنٹینر دو روز قبل ہی یہاں پہنچا تھا اور پی ٹی آئی رہنما مبین جتوئی کی رائس مل میں رکھا گیا تھا جہاں اس کی مرمت کا کام ہونا تھا، ذرائع کے مطابق کنٹینر پر وقت پر کام مکمل نہ ہوسکا۔

دوسری جانب کنٹینر سے گر کرزخمی ہونے والے پی ٹی آئی گھوٹکی کے رہنما میر افتخار مگسی کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ کے مطابق میر افتخار کا سٹی اسکین ہورہا ہے کئی جگہوں سے فریکچر ہوا ہے، کراچی سے چارٹرڈ جہاز منگوایا ہے جیسے ہی جہاز آیا نوجوان کو کراچی علاج کیلیے منتقل کردیا جائیگا۔

مزید پڑھیں: سندھ حقوق مارچ، پی ٹی آئی رہنما کنٹینر سے گرکر زخمی

واضح رہے کہ مارچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی گھوٹکی کے قریب پی ٹی آئی کے مقامی رہنما میر افتخار کنٹینر سے گرکر زخمی ہوگئے تھے

Comments

یہ بھی پڑھیں