ہفتہ, مارچ 14, 2026
اشتہار

متنازع ٹویٹس کیس : ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے متنازع ٹویٹس کیس میں سزا کا فیصلہ چیلنج کردیا اور ضمانت پر رہائی کی بھی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق متنازع ٹویٹس کیس میں سزا کے فیصلے کے خلاف ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

اپیل میں 24 جنوری کو سنائے گئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اور فیصلہ قانون کے برعکس سنایا گیا۔

اپیل گزاروں نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی بھی درخواست کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیس کی ٹرانسفر درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا تھی، اس کے باوجود ٹرائل کورٹ نے فیصلہ سنا دیا، جبکہ قانونی طور پر ٹرانسفر کی درخواست زیر التوا ہونے کی صورت میں فیصلہ نہیں سنایا جا سکتا۔

اپیل میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقِ دفاع ختم کر کے شفاف ٹرائل کے اصولوں کو نظر انداز کیا، ایک اسٹیٹ کونسل کی جانب سے سوالات پہلے سے فراہم کیے جانے کی شکایت پر بھی عدالت نے کوئی تحقیقات نہیں کرائیں۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ میں پیشی کے لیے جاتے ہوئے گرفتاری کے دوران تشدد کیا گیا، تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے وقت عدالت نے تشدد کے الزامات کا کوئی جائزہ نہیں لیا۔

اپیل میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ بغیر فائل کے جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کس طرح ممکن تھی، ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں