پشاور : عدالت نے غیرت کے نام پر 7 افراد کو قتل کرنے والے مجرم کو 7 بار سزائے موت کا حکم دے دیا اور 21 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کی مقامی عدالت میں گھر کے اندر 7 افراد کو قتل کرنے کے مقدمے میں مجرم کی اپیل پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد جمیل نے سماعت کی ، دوران سماعت پراسیکیوشن نے بتایا کہ مجرم محمدابراہیم نے غیرت کے نام پر 7 افراد کوقتل کیا۔پراسیکیوشن
پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ مجرم نے جون 2021 میں تھانہ چمکنی کی حدود میں فائرنگ کرکے اپنی بیوی بانو، بیٹوں سلیم، سلمان اور جلال کو قتل کیا، اس کے علاوہ اس نے اپنے چچازاد بھائی حبیب اللہ، اس کی اہلیہ اور بیٹی کو بھی نشانہ بنایا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ابتدائی طور پر ٹرائل کورٹ نے مجرم کو سزائے موت سنائی تھی تاہم پشاور ہائی کورٹ میں دائر اپیل پر فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ ٹرائل کے لیے متعلقہ عدالت کو بھیج دیا گیا تھا۔
نئے ٹرائل کے بعد عدالت نے غیرت کے نام پر 7 افراد کو قتل کرنے والے مجرم کو 7 بار سزائے موت کا حکم دیا اور 21 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


