لاہور : : کوکنگ آئل کی قیمت میں 60 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا، ایک ہفتہ قبل تیل 490 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کوکنگ آئل کی قیمت میں 60 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 550 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل تیل 490 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، لیکن سپلائی میں کمی اور دیگر عوامل کی وجہ سے قیمتیں اچانک بڑھا دی گئی ہیں۔ اس اچانک اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور صارفین میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب خوردنی تیل کے ساتھ ساتھ آٹے کے نرخوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور مارکیٹ میں 5 کلو آٹے کا تھیلا 900 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ناقص اشیاء کی فروخت پر شہریوں اور دکانداروں نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی اور کہا قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔
مہنگائی کے اس سیلاب اور ناقص غذا کی فراہمی نے عام خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل بنا دیا ہے، جس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


