The news is by your side.

Advertisement

ملکی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد میں مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

اسلام آباد : ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مندر کی بنیاد رکھ دی گئی،1947کے بعد اسلام آباد میں پہلا مندر تعمیر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق برصغیر کی تقسیم کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد میں پہلا مندر تعمیر کیا جائے گا، اس سلسلے میں ہندو برادری کی عبادت گاہ کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ٹو میں جگہ مختص کردی گئی ہے۔

اس موقع پر سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تحریک انصاف کے رہنما اور پارلیمنٹری سیکریٹری ہیومن رائٹس لال مالہی مہمان خصوصی تھے۔

؎سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کی ہندو پنچائت کو4مرلے کا پلاٹ الاٹ کیا گیا، پلاٹ2017میں نیشنل کمیشن فارہیومن رائٹس کےاحکامات کی روشنی میں الاٹ کیا گیا، مندر کی تعمیر کے سلسلے میں بنیادی ڈھانچے اور چار دیواری کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں ایک بھی مندر نہیں تھا جہاں ہندو برادری اپنی مذہبی رسومات ادا کرسکے مندر کی افتتاحی تعمیرات کا آغاز پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی لال ملہی نے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لال ملہی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اقلیتوں کو مسجد میں جانے سےروک رہا ہے جبکہ ،
ہم اسلام آباد میں شری کرشن بھگوان کے مندر کی تعمیر کررہے ہیں، یہ پاکستانی ریاست وحکومت کی پالیسی ہےاقلیتوں کوحقوق دیئےجائیں۔

ایم این اے لال ملہی نے حکومت سے اپیل کی کہ مندر کی تعمیر کیلئے بھی فنڈز مہیا کیےجائیں، تقریب میں ہندو پنچائت کے پریتم داس، مجہیش چوہدری،اشوک کمار،چمن لال اور دیگر بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہندو آبادی کے دیرینہ مطالبے پر ملک بھر میں بند مندر کھولنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں