The news is by your side.

Advertisement

ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1495 ہوگئی، 12 اموات

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1495 ہوگئی، وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1495 تک جاپہنچی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 79 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض جاں بحق ہوا جس کے بعد اموات کی تعداد 12 ہوگئی، 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور صحت یاب مریضوں کی تعداد 25 ہے۔

محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 557، سندھ 469، کے پی میں 188 کرونا کے مریض ہیں، بلوچستان میں 133، جی بی 107، اسلام آباد 39، آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔

چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا، ظفر مرزا

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کونسا کرونا ٹیسٹ مستند ہے اس حوالے سے ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں ، بتاچکے ہیں کہ کن علامات کی صورت میں کرونا ٹیسٹ کرانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 رکنی چینی ڈاکٹرز کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کررہا ہے، چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

ملک میں لیبارٹریز کی تعداد بڑھانے پر کام کررہے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران 400 وینٹی لیٹرز پاکستان پہنچ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لیبارٹریز کی تعداد بڑھانے پر کام کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے ملک میں لیبارٹریز کی تعداد 40 سے 50 تک پہنچ جائے۔

ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے، آزادکشمیر کے علاقوں کوٹلی، بھمبر، میرپور، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، کیل اور برنالہ میں فوجی جوان تعینات ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے34اضلاع میں مشترکہ چیک پوسٹیں اورپٹرولنگ کی جارہی ہے جبکہ سندھ کے 29 اضلاع میں بھی تمام داخلی اورخارجی مراکز کی نگرانی جارہی ہے۔

لاک ڈاؤن میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن میں اپنی ہیلتھ سروسز پر توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سندھ کے عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤں،کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام نے میرا ساتھ دینا ہے.

ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف کام کرنے والے ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 25 لاکھ گھرانوں کو 4 ہزار روپےمالی امداد دی جائےگی، 15ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز بھی معاف کیے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخواہ کی یو سی منگا میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ

صوبہ خیبر پختونخواہ کی یو سی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہوگئی، 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت کا کنٹینرز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ

حکومت بلوچستان نے کنٹینرز پر مشتمل اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا، اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہدایت کے مطابق کیا گیا۔ کنٹینر آپریشن تھیٹر، آئسولیشن رومز اور طبی عملے کی رہائش پر مشتمل ہوگا۔

fb-share-icon0
Tweet 20

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں