کراچی : سندھ حکومت نے شہریوں کو نئی مشکل میں ڈال دیا اور کہا عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کیلئے کورونا فری قصائی تلاش کرنا ہوگا اور سماجی فاصلے کو فوقیت دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی سے متعلق ایس او پیز جاری کردی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ قربانی کیلئے سماجی فاصلے کو فوقیت دینا ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا نیگٹو اور تجربےکار قصائیوں سےقربانی کےجانور ذبح کرائے جائیں اور قربانی کے جانوروں کی ویڈیو لنک،آن لائن خریداری کوترجیح دی جائے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قربانی کا فریضہ مستند فلاحی تنظیموں اور مدارس کےذریعے کیاجائے۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بھر میں مویشی منڈیوں کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ مویشی منڈیاں ایس اوپیز کےتحت کھولی جائیں گی تاہم منڈیوں میں بچوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔
مرادعلی شاہ نے تھا کہا کہ مویشی منڈیوں سےمتعلق ایس اوپیز کا اجرا ہوگا، عوام مویشی منڈیوں میں جانے سے گریز کریں جبکہ موبائل ٹیمزمویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کے کورونا ٹیسٹ کرے گی۔
مراد علی شاہ نے جانوروں کی قربانی کیلئےیونین کونسل سطح پر مخصوص جگہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا جانوروں کی قربانی کیلئے مخصوص جگہ بنائی جائیں، اگر گلی گلی جانور ذبح ہوں گے تو بیماریاں پھیلیں گی۔