کراچی: کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹر عدنان عمر جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی میں بطور ایڈمنسٹریٹر فرائض انجام دینے والے ڈاکٹر عدنان عمر کرونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔
ڈاکٹر عدنان چند روز قبل کرونا کا شکار ہوئے تھے۔انتقال کرنے والے ڈاکٹر کی بیوہ اور دیگر افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر عدنان کے بھائی بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ممتاز آتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر یونس سومرو انتقال کر گئے تھے، ڈاکٹر یونس آرتھو پیڈک کے شعبے کا ماہر استاد کہا جاتا تھا۔
اس سے قبل کرونا وائرس کے شکار نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصظفیٰ کمال پاشا انتقال کر گئے تھے۔ڈاکٹر مصطفیٰ کو سانس لینے میں شدید تکلیف کے بعد وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن پھیپھڑوں سے خون رسنے کے باعث وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔