لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں کورونا مثبت شرح 12.4 تک پہنچ گئی ، گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 11 اموات اور صوبہ بھر میں 48 اموات رپورٹ کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ، لاہور میں کورونا مثبت شرح 12.4 تک پہنچ گئی ، سیکرٹری سارہ اسلم نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کرونا کی مجموعی مثبت شرح 7.0 ریکارڈ کی گئی۔
دیگر شہروں کے حوالے سے سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں 14.1 اور فیصل آباد میں 4.7 ، ملتان میں 5.3 اور بہاولپور میں 11.7 مثبت شرح ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 21 ہزار 217 ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے 1ہزار 488 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 382,333 ہو گئی۔
سیکرٹری صحت، سارہ اسلم نے کہا اب تک صوبہ بھر میں 346,680 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 24,050 ہو گئی۔
سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 11 اموات اور صوبہ بھر میں کورونا سے 48 اموات رپورٹ ہوئیں ، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 11 ہزار603 ہو گئی۔
خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 91 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار 94 ہوگئی جبکہ اس دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 75 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔