تازہ ترین

یورپی ممالک میں کورونا کی دوسری لہر، سخت پابندیوں کا امکان

فرانس : یورپی یونین کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کے انفیکشنز کی تعداد میں اضافے سے وبا کی دوسری لہر شروع ہونےکے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق فرانس میں مسلسل دوسرے روز پندرہ سو سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں، بیلجیم کے صوبے اینٹورپ میں انفیکنشز کی شرح میں نمایاں اضافے کے بعد ملک بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ جرمنی میں مسلسل تیسرے دن بھی مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد رہی، جرمنی میں کورونا سے زیادہ متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے ٹیسٹ لازمی کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر مفت ٹیسٹ نہ کرانے والے مسافروں پر پچیس ہزار یورو تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر چھبیس یورپی ممالک میں سے تین ملکوں میں محدود لاک ڈاؤن بحال کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ کے قریب پہنچ گئی، دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد7 لاکھ 29 ہزار ہوگئی۔

کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، امریکا میں اب تک 51لاکھ سے زیادہ افراد اس مہپلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، امریکا میں کورونا وائرس نے ایک لاکھ 65ہزارافراد کی جان لے لی ہے۔

Comments

- Advertisement -