اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

کرونا وائرس: بھارتی شہری لاشیں دریا کنارے چھوڑ کر جانے پر مجبور

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی : کرونا سے خوفزدہ بھارتی شہریوں نے وبائی مرض سے مرنے والوں کو دریا کنارے دفن کرنا شروع کردیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارت میں کرونا وائرس سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد بے بسی کے عالم میں موت کو گلے لگارہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کے دلوں میں کرونا کا اس قدر خوف بیٹھ چکا ہے کہ وہ آبادی کے قریب اور رہائشی علاقوں کے اطراف کرونا وائرس سے مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے کو بھی تیار نہیں‌ ہیں۔

ایسے واقعات بھارت میں کرونا کی دوسری لہر پھیلنے کے بعد سے دیکھنے میں آرہے ہیں، جس میں شہریوں نے کرونا سے مرنے والوں کو دریا بُرد اور دریا کنارے دفن کرنا شروع کردیا ہے۔

- Advertisement -

کرونا سے مرنے والے ایک شخص کی لاش کو دریا کے کنارے دفن کرنے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے جس میں دریائے ساورا میں شہریوں کو لاشیں پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

کسی اپنے کی موت کے بعد اس کی آخری رسومات ادا کرنے سے گریز کا ایک واقعہ 7 مئی کو بہار کے ضلع کٹیہار میں پیش آیا تھا، جس کی تحقیقات کےلیے مجسٹریٹ کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

تفتیش میں مجسٹریٹ نے کہا کہ جس شخص کی لاش دریا کنارے دفن کی گئی وہ 6 مئی کو کرونا کے باعث ہلاک ہوا تھا اور اہل خانہ کے پاس لاش کی آخری رسومات کے لیے پیسے نہیں تھے اور گاؤں کے لوگوں نے رہائشی آبادی کے قریب آخری رسومات کی ادائیگی سے روک دیا تھا۔

اہل محلہ کے روکنے پر رشتہ داروں نے دریا کے قریب موجود اپنی ہی زمین میں تقریبا 8 فٹ گہرا گڑھا کھود کر لاش کو اس میں چھوڑ کر چلے گئے۔

یاد رہے کہ ریاست بہار میں گزشتہ روز گنگا ندی میں سیکڑوں لاشیں تیرتی ہوئی ملی تھیں، جن سے متعلق شہریوں کو شبہ ہے کہ وہ کرونا سے مرنے والے افراد کی لاشیں ہیں جنہیں ان کے رشتے داروں نے ندی میں پھینک دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں