لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے) کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی نے پنجاب میں فی الفور ہیلتھ ایمرجنسی اور سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بالخصوص لاہور میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورت حال اختیار کر گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں کورونا کیسز کی شرح 18فیصد تک پہنچ گئی۔ لاہور میں 10 ماہ کے بعد 1566کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں4روز میں 5 ہزار 174 کیسز سامنے آئے اور 69 اموات ہوئیں۔
ادھر پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی 18 فیصدشرح الارمنگ صورت حال ہے، پنجاب حکومت کو فی الفورہیلتھ ایمرجنسی لگانی چاہیے۔
کرونا کی شدت میں مزید اضافہ، 24 گھنٹے میں 4300 سے زائد کرونا کیسز رپورٹ
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے جس کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 4 ہزار 368 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 63 مریض انتقال کرگئے، پاکستان میں کورونا کے جاں بحق مریضوں کی تعداد 14 ہزار 91 ہوگئی ہے۔