لاہور: صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا انفیکشن سے 10 افراد انتقال کر گئے ہیں، ادھر محکمہ صحت بلوچستان کا بھی کہنا ہے کہ صوبے میں 19 روز بعد کرونا وائرس سے ایک موت واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا سے مزید دس افراد کے انتقال کے بعد اموات کی تعداد 2298 ہوگئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں 134 نئے کیسز سامنے آئے جس سے کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 559 ہو گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 77، ملتان میں 13، راولپنڈی میں 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسری طرف پنجاب میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 97 ہزار 219 ہوگئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 16 افراد جاں بحق
بلوچستان میں کرونا وائرس کی صورت حال سے متعلق محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 25 کیس رپورٹ ہوئے، جس سے کرونا کیسز کی تعداد 15 ہزار 669 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں 19 روز بعد کرونا وائرس سے ایک موت رپورٹ ہوئی ہے، اور کرونا وائرس سے صوبے میں اموات کی تعداد 147 ہوگئی ہے، جب کہ کرونا کے مزید 10 مریض صحت یاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار 305 ہوگئی ہے۔
تعلیمی اداروں سے بھی کرونا وائرس کے 18 کیس رپورٹ ہوئے، جس سے بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کیسز کی تعداد 638 ہوگئی۔