اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج نومولود میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پمز میں زیر علاج نومولود میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا سے متاثر اس بچے کی پیدائش گزشتہ ہفتے ہوئی تھی۔
پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش سے پہلے ماں کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا، نومولود کو کرونا وائرس ماں سے منتقل ہوا۔ اس وقت بچہ چلڈرن اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے، اور اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وبا نے تیسری لہر کے دوران تشویش ناک صورت اختیار کر لی ہے، اور 10 سال تک کے 5497 بچے کرونا مثبت ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 11 تا 20 سال عمر کے 5 ہزار 186، 21 تا 30 سال عمر کے 11 ہزار 148 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔
دنیا کی پہلی بچی کی پیدائش جس پر کرونا بے اثر ہے
وفاقی دارلحکومت میں 31 تا 45 سال کے 15 ہزار 993 افراد، 46 تا 60 سال کے 10 ہزار 796 افراد، 61 تا 80 سال کے 5 ہزار 738 اور 81 سال سے زائد عمر کے 525 افراد کرونا پازیٹو ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں مثبت کرونا کیسز کی شرح ریکارڈ سطح 15.9 فی صد پر پہنچ چکی ہے۔