تازہ ترین

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 4027 ہو گئیں

بیجنگ: دنیا بھر میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہونے والی ہلاکتیں 4,027 ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 27 ہو گئی، جب کہ متاثرین کی تعداد بھی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک 114,458 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے، 64,105 افراد مہلک وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔

اب تک کرونا وائرس دنیا کے 115 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے چکا ہے، 5 ہزار سے زائد افراد کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے، کرونا وائرس سے اموات کی شرح 6 فی صد صحت یابی کی شرح 94 فی صد ہے۔ خیال رہے کہ ایک بین الاقوامی بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز بھی وائرس سے متاثر ہوا، جو تاحال یوکوہاما، جاپان میں لنگر انداز ہے۔

جرمنی کے شہر برلن میں ایک لیمپ پوسٹ پر حفاظتی فیس ماسک کی فروخت کا اشتہار چسپاں ہے، گزشتہ روز جرمنی میں کرونا سے 2 اموات ہوئیں

چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3136 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80757 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ نے کرونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبائی کا پہلی بار دورہ کیا، اور وائرس کے سدباب کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا، چینی صوبے ہوبائی سے پھوٹنے والی اس مہلک وبا سے اب تک 115 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔

اٹلی

اٹلی میں ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور اب تک 463 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد 9,172 ہو گئی۔ یورپی ملک اٹلی میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے، تقریباً 6 کروڑ لوگ لاک ڈاؤن کر دیے گئے ہیں۔ اٹلی میں 3 اپریل تک تمام تعلیمی اداروں کو بند کیا جا چکا ہے، ہلاکتوں میں اٹلی دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، اطالوی وزیر اعظم نے 14 صوبوں ریڈ زون قرار دے دیا ہے۔

فرانس

فرانس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، فرانس کے وزیر ثقافت فرینک ریسٹر میں بھی وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 1,412 ہے۔

بحرین میں کرونا وائرس کے 8 مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ بحرین میں اب تک کرونا وائرس کے 22 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی مریضوں کی تعداد 109 ہے۔ ایران میں بھی 237 افراد کرونا کے باعث جان سے جا چکے ہیں، مجموعی متاثرین کی تعداد 7,161 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیس رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 20 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز مکہ میں بھی ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

Comments

- Advertisement -