اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے اسپتالوں میں کرونا وائرس رسک الاؤنس کی غلط تقسیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر متعلقہ اسپتال عملے سے الاؤنس واپس لینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے وفاقی اسپتالوں کی انتظامیہ کے نام مراسلے میں اسپتالوں میں رسک الاؤنس کی غلط تقسیم پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے غیر مستحق عملے سے رسک الاؤنس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراسلے میں وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ رسک الاؤنس کا فیصلہ ہیلتھ ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا تھا۔
مراسلے کے مطابق کرونا وائرس الاؤنس کی تقسیم پر بے شمار شکایات ملی ہیں، رسک الاؤنس کرونا وائرس ڈیوٹیاں کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے مخصوص تھا تاہم وفاقی اسپتالوں میں کرونا رسک الاؤنس کی غلط تقسیم کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اسپتالوں کے غیر متعلقہ عملے کو کرونا وائرس رسک الاؤنس سے نوازا گیا، شعبہ ایڈمن، اکاؤنٹس اور نان ٹیکنیکل ملازمین میں رسک الاؤنس تقسیم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت قومی صحت نے کہا کہ وفاقی اسپتالوں کے غیر متعلقہ عملے کو 3 تنخواہیں بطور الاؤنس دی گئیں۔ وزارت صحت نے غیر متعلقہ اسپتال عملے سے 15 دن میں ریکوری کی ہدایت کردی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ وفاقی اسپتال عملے سے رسک الاؤنس واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروائیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ہیلتھ ورکرز کے رسک الاؤنس کے لیے 48 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔