اسلام آباد: ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، کرونا وائرس کیسز کی یومیہ بلند ترین شرح راولپنڈی میں 23.93 فیصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، 2 اضلاع میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 20 فیصد سے تجاوز کر گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 اضلاع میں کرونا وائرس کی یومیہ شرح 5 فیصد جبکہ مزید 7 اضلاع میں 10 فیصد سے زائد ہے۔ کرونا وائرس کیسز کی یومیہ بلند ترین 23.93 فیصد شرح راولپنڈی میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
گلگت میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 9.26 فیصد، اسکردو میں 19.42 فیصد، دیامر میں 6.42 فیصد، مظفرآباد میں 15.85 فیصد اور میرپور میں 14.29 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 20.59 فیصد، حیدر آباد میں 16.67 فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10.55 فیصد، پشاور میں 16.59 فیصد، صوابی میں 5.88 فیصد، مردان میں 8.86 فیصد اور ایبٹ آباد میں 7.65 فیصد رپورٹ کی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی شرح 7.51 فیصد، گجرات میں 1.82 فیصد، فیصل آباد میں 4.27 فیصد، گوجرانوالہ میں 2.60 فیصد اور بہاولپور میں 11.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 4.37 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، مثبت کیسز کی شرح بھی 9 فیصد ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 60 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 635 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہوگئی۔