ایبٹ آباد: ایوب میڈیکل کمپلیکس کے 4 ڈاکٹرز میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوب میڈیکل کمپلیکس کے چار ڈاکٹرز بھی کو وِڈ نائنٹین کا شکار ہو گئے ہیں، میڈیکل کمپلیکس کے ڈین ڈاکٹر عمر نے عملے میں وائرس کی تصدیق کر دی۔
ڈین ڈاکٹر عمر کا کہنا ہے کہ 2 انتظامی امور اور 2 ٹی ایم اوز میں کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، چاروں ڈاکٹرز کو ان کے گھروں میں آئسولیٹ کر دیا گیا۔
ملک میں کرونا سے متاثرہونے والے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعداد 245 تک جا پہنچی
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعداد سے متعلق رپورٹ تیار کر کے وزارت صحت کو ارسال کی تھی، اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد 245 ہے، جن میں 119 ڈاکٹرز اور 37 نرسز شامل ہیں جب کہ 3 ہیلتھ پروفیشنلز وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز اور نرسز کے علاوہ دیگر عملے کے 89 افراد میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کرونا وائرس کے شکار 131 ہیلتھ پروفیشنلز مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 130 کی حالت تسلی بخش ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 78 ہیلتھ پروفیشنلز آئسولیشن میں داخل ہیں، جب کہ کرونا سے جاں بحق تین ہیلتھ پروفیشنلز میں سے 2 کا تعلق گلگت بلتستان اور ایک کا اسلام آباد سے تھا۔ اب تک 33 ہیلتھ پروفیشنلز صحت یاب ہو چکے ہیں۔