مانچسٹر: برطانوی رکن پارلیمنٹ نے معمر افراد کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر نیشنل ہیلتھ سروس کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر شدید تنقید کی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروس کو موجودہ صورت حال میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے وائرس سے متاثر ہونے والے معمر افراد کو اسپتال میں داخل کرنے سے انکار کردیا۔
مانچسٹر کے سالفورڈ کیئر ہوم میں مقیم پانچ معمر افراد کرونا وائرس سے متاثر تھے جو ایک ہی دن میں دم توڑ گئے۔
پانچ افراد کی موت کے بعد شیڈو وزیر اور رکن پارلیمنٹ باربرا کیلئی نے حکومت اور این ایچ ایس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت صحت عامہ کے انتظامات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، مجھے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ مانچسٹر اور دیگر شہروں میں معمر افراد کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے کیونکہ ڈاکٹرز اُن کا علاج کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
باربرا کیلئی کا کہنا تھا کہ این ایچ ایس کے لیے یہ مشکل فیصلہ ہو گا مگر حکومت کو تمام شہریوں کے علاج معالجے کی سہولیات کو یقیبی بنانا چاہیے، ملک بھر کے کیئر ہومز میں معمر افراد کو نظر انداز کیا جا رہا اس پر بھی حکومت کو دھیان دے کر مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔