کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ویکسین حاصل کرنے والوں کو ایک خصوصی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جس میں ان کی ویکسی نیشن کے حوالے سے معلومات درج ہوں گی۔
کویتی میڈیا کے مطابق کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے اعلان کیا ہے کہ ویکسی نیشن کروانے والے افراد کو ایک خصوصی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جس میں کرونا وائرس ویکسین کے حوالے سے معلومات ہوں گی۔
یہ سرٹیفکیٹ ہوائی اڈے یا دیگر مقامات کے لیے ایک پاسپورٹ کے طور پر استعمال ہوگا۔
وزیر صحت نے کویت ویکسی نیشن سینٹر کے ہال نمبر 6 کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ اگر دنیا کے کچھ ممالک نے اس سرٹیفکیٹ کو لازم قرار دے دیا تو یہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ شہریوں کو سہولت اور آسانی پیدا کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی پہلی خوراک وصول کرنے والے افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، مذکورہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی جائے گی جبکہ دوسری خوراک لینے کی تاریخ بھی درج ہوگی۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اب تک ویکسی نیشن پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک چوتھائی افراد تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے سب شہریوں اور تارکین وطن کو تاکید کی کہ وہ اس ویکسی نیشن کے حصول کے لیے جلد سے جلد اپنا اندراج کریں۔