پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ریڈیو پاکستان کی جلائی جانے والی عمارت کی بحالی کا کام جاری ہے، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے عمارت کا دورہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے ریڈیو پاکستان پشاور کی سوختہ عمارت کا دورہ کیا، کور کمانڈر کو ریڈیو پاکستان میں ہونے والے شرپسندی کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کور کمانڈر نے عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڈیو پاکستان کی بحالی میں مزید تیزی لائی جائے۔
فی الحال پاک فوج کا عملہ ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی اور صفائی میں مصروف عمل ہے۔
یاد رہے کہ 10 مئی کے روز شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا اور آگ لگا دی تھی۔
ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا، شرپسند ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھس کر نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچا دی۔
بعد ازاں پاک فوج کی مدد سےایک دن بعد ہی ریڈیو پاکستان پشاور نے نشریات دوبارہ شروع کردی تھیں۔