لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انشاءاللہ اس بارالیکشن میں ن لیگ کو شکست دیں گے، شریف برادران کے جیل جانے کا وقت آگیا، ہمارا مقابلہ کرپٹ مافیا سے ہے، ثابت کردیں گے کہ لاہور پی ٹی آئی کا شہر ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔
عمران خان نے کہا کہ سال2018الیکشن کاسال ہے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کیا نیا پاکستان بنے گا یا کیوں نکالا کا پاکستان رہے گا، لاہور فیصلہ کرتا ہے پنجاب کا اور پنجاب پورے پاکستان کا فیصلہ کرتا ہے، لاہورمیں29اپریل کو مینارپاکستان پر جلسہ کریں گے اور جلسے سے ثابت کردیں گے کہ لاہور پی ٹی آئی کا شہر ہے۔
عمران خان نے اپیل کی کہ مرد و خواتین اور بچے سب پی ٹی آئی کے ممبر بنیں کیونکہ ہمارامقابلہ کرپٹ مافیا سے ہے، شریف خاندان کے بچے ارب پتی بن چکے ہیں، اسکول، اسپتال، صاف پانی کا پیسہ انہوں نے چوری کیا، یہ لوگ عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کافی عرصے سے لندن میں علاج کروارہی ہیں ،اسحاق ڈار بھی علاج کرانے باہر چلے گئے ،ن لیگ نے پاکستان میں ایسا کوئی اسپتال نہیں بنایا جہاں ان لوگوں کا علاج ہو سکے،جبکہ پشاور میں 4ارب روپے کی لاگت سے کینسر کا جدید ترین اسپتال بنایا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ50ارب روپیہ اورنج ٹرین منصوبے سے انہوں نے اپنی جیب میں ڈالا، کرپشن کا پیسہ عوام پرخرچ ہوتا تو عالمی معیار کی یونیورسٹی بن جاتی، لوٹا گیا پیسہ ملک پرخرچ ہوتا تو آج ایک بستر پر4،4مریض نہ ہوتے۔
انہوں نے بتایا کہ کے پی میں اسپتال، اسکول، پولیس قانون و انصاف بہترہے، کے پی میں لوگوں کو نوکریاں مل رہی ہیں، ایک ارب درخت لگائے گئے، عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے باغوں کے شہر لاہور کو سریہ سیمنٹ کا شہر بنادیا۔
عمران خان نے نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر جلسے میں بتاؤں گا نواز شریف تم کو کیوں نکالا، تم نے جو پیسہ اسکولوں پر خرچ کرنا تھا وہ لندن میں محلات پر لگادیا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تیار ہوجاؤ، اب شہباز شریف کی باری آ گئی ہے، شہباز شریف تم لندن سے چیک اپ کرا کے جلدی واپس آجاؤ، میں نے تم سے لاہور کے لوگوں کا انصاف لینا ہے، چھوٹے ڈان اور بڑے گاڈ فادر کا رائے ونڈ سے اڈیالہ جیل جانے کا وقت آگیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔