اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر ادارے کےسی ای او کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ہونے والی سماعت میں این ٹی ایس کے سی ای او ہارون رشید کی مسلسسل غیر حاضری پر ان کے وارنٹ جاری کرکے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
احتساب عدالت میں ہارون رشید کے خلاف 165 روپے ملین کرپشن کا ریفرنس دائر ہے اور عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا ہے کہ 21 مارچ کوانہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ملزم کی عدم گرفتاری کی صورت میں تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائے۔ ہارون رشید سمیت 8 ملزمان پرجعلی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کر کے گھپلے کرنے کا الزام ہے۔ کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہو گی ۔
نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے سی ای او کے خلاف ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے بھی این ٹی ایس کے معاملات پراعتراض کیا جاتا رہا ہے۔ سنہ 2017 میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے این ٹی ایس ٹیسٹ میں ناکام طلبہ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایف آئی کو 3 ماہ میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ریمارکس دیے کہ 18 ہزار طالب علموں کو داخلہ ٹیسٹ میں یکساں موقع ملا جن میں سے صرف 12طالب علموں نے نتائج کو چیلنج کیا ہے۔