اسلام آباد : مئی کے مہینے میں ملکی تجارتی خسارہ 39 فیصد تک گر گیا اور برآمدات میں10فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 22فیصد کی بڑی کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کے حوالے سے ایک بڑی اور مثبت خبر سامنے آئی، مئی 2026 میں ملک کے تجارتی خسارے میں 39 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے بعد مشیر خزانہ خرم شہزاد نے اعدادوشمار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر شیئر کیے۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ تجارتی خسارے میں اس بڑی کمی کی بنیادی وجہ ملکی برآمداتمیں اضافہ اور درآمدات میں ہونے والی نمایاں کمی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مئی کے مہینے میں پاکستان کی برآمدات میں 10 فیصد کا مثبت اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دوسری جانب غیر ضروری اشیاء کی درآمدات پر کنٹرول اور مقامی متبادل کے باعث درآمدی بل میں 22 فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔
تجارتی فرق میں اس واضح بہتری کو معاشی استحکام کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
مشیر خزانہ نے معیشت کے دیگر مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بیرونی محاذ پر صرف تجارت ہی نہیں بلکہ دیگر ذرائع سے بھی ملکی ذخائر کو سہارا مل رہا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آنے والے فنڈز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹس اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر بھی مسلسل گراف میں اوپر جا رہی ہیں۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں یہ نمایاں کمی اس بات کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ ملکی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔”


