تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

ملکہ وکٹوریہ کے قدیم دور میں جینے والا خوبصورت جوڑا

ماضی کے سحر میں گرفتار ہونا اور اس سے انسیت اور محبت میں مبتلا ہونا ایک عام بات ہے۔ ہم میں سے اکثر افراد ماضی کو یاد کرتے ہوئے اس میں واپس جانا چاہتے ہیں۔

تاہم ماضی کی طرف لوٹ جانا کوئی قابل فہم بات نہیں، البتہ ایک امریکی جوڑا ماضی کے سحر میں اس قدر گرفتار ہے کہ انہوں نے اپنا طرز زندگی بالکل اپنے پسندیدہ قدیم دور جیسا بنا ڈالا ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں رہنے والے سارہ اور جبرائیل تاریخ و ثفافت کے طالب علم تھے۔ ان دونوں کی دوستی، محبت اور پھر شادی پر منتج ہوئی۔

تاریخ کا مطالعہ کرتے ہوئے جب انہوں نے برطانیہ کی ملکہ وکٹوریا کے دور کے بارے میں پڑھا تو یہ دونوں اس سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے اپنی زندگی کو بھی اسی دور کے مطابق ڈھالنے کا فیصلہ کرلیا۔

ملکہ وکٹوریہ برطانیہ کی ملکہ تھیں اور ایک زمانے میں متحدہ ہندوستان بھی ان کا ماتحت رہا۔ ملکہ وکٹوریہ سنہ 1837 سے اپنی موت یعنی 1901 تک تخت پر براجمان رہیں۔

ماضی کے دلدادہ اس جوڑے کا کہنا ہے کہ اس دور سے ہمیں اس قدر انسیت محسوس ہوتی تھی کہ ہمیں لگتا تھا شاید ہمارا ایک جنم اس دور میں بھی ہوا تھا۔ یا پھر ہم اپنے وقت سے بہت دیر بعد پیدا ہوئے۔

بہرحال ماضی میں جینے کی خواہش کو تشنہ رکھنے کے بجائے انہوں نے اسے حقیقت بنانے کا سوچا۔ اس جوڑے نے پورٹ ٹاؤن سینڈ میں ایک مکان خریدا۔ یہ مکان ملکہ وکٹوریہ کے عہد 1888 میں ہی تعمیر کیا گیا تھا۔

گھر کی آرائش کے دوران انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کی تمام اشیا گھر سے نکال باہر کیں اور قدیم دور میں استعمال ہونے والی چیزوں کو ذخیرہ کر لیا۔

جیسے پانی کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے فریج کی جگہ آئس باکس، جسے سارہ دن میں 2 بار خالی کر کے پھر سے بھرتی ہے، ڈبل روٹی کو گھر میں بنانے کا برتن، اور قدیم دور کا آتش دان۔

ان کے کچن میں صرف اینٹیک اشیا موجود ہیں جنہیں سارہ روزانہ کھانے پکانے میں استعمال کرتی ہے۔

ان کے پاس نہ تو گاڑیاں ہیں اور نہ ہی موبائل فون، گھر سے باہر سفر کے لیے یہ قدیم دور کی بائیسکل استعمال کرتے ہیں۔

اپنے فارغ وقت میں سارہ ڈائری لکھتی ہے اور اپنے عزیز و اقارب کو خطوط بھیجتی ہے جن کے لیے وہ ایک اینٹیک قلم استعمال کرتی ہے۔

یہ جوڑا ملبوسات بھی اسی دور کے لحاظ سے زیب تن کرتا ہے جو نہایت دیدہ زیب اور خوبصورت معلوم ہوتے ہیں۔

اس گھر میں داخل ہو کر یوں لگتا ہے جیسے آپ ٹائم مشین کے ذریعے قدیم دور میں آگئے ہوں۔ جدید ٹیکنالوجی سے گریزاں ہونے کے باوجود اس گھر میں انٹرنیٹ کی سہولت ضرور موجود ہے جس سے یہ دنیا بھر سے جڑے رہتے ہیں۔

جبرائیل کا کہنا ہے، ’ہمارے گھر میں کمپیوٹر ضرور موجود ہے، لیکن وہ ہماری زندگی پر حکومت نہیں کرتا۔ ہم اسے مقررہ اوقات میں صرف کام کے لیے استعمال کرتے ہیں‘۔

یہ جوڑا یقیناً اپنی زندگی کا حکمران ضرور ہے جو وقت کو اپنی مرضی اور پسند کے مطابق دھکیل کر پیچھے لے گیا اور ماضی میں ایک خوش باش زندگی بسر کر رہا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -